لاہور(پنجاب پوسٹ) بسنت کے حوالے سے کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں بسنت پورٹل، پتنگ اور ڈور کے سائز سمیت قانون میں ترمیم کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن شیخ سلیم، سیف کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن، صدر آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن شیخ شکیل اور آل پاکستان کائٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے ملاقات میں شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز نے مطالبہ کیا کہ بسنت پورٹل جلد کھولا جائے تاکہ پتنگوں کی مینوفیکچرنگ کا عمل شروع کیا جا سکے۔ایسوسی ایشنز کے مطابق جتنی جلدی پتنگ سازی شروع ہوگی، اتنی ہی بہتر طریقے سے طلب پوری کی جا سکے گی۔
ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ تاحال لائسنس پورٹل کھولنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اے ڈی سی نے جلد بسنت پورٹل کھولنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے پنے کے بجائے چڑھی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق پنے بنانے والے کاریگر اب موجود نہیں، جبکہ جتنے وقت میں 5 پنے تیار ہوتے ہیں، اتنے وقت میں 15 چڑھیاں تیار ہو جاتی ہیں۔آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے کہا کہ انتظامیہ طے شدہ ایس او پیز کے مطابق ڈور کی تیاری پر فوکس کرے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ڈور چڑھی پر ہو یا پنے پر، بنیادی فرق نہیں پڑتا، اصل توجہ محفوظ اور طے شدہ ایس او پیز کے مطابق ڈور کی تیاری پر ہونی چاہیے۔












