لاہور میں عید میلاد النبی ﷺ کی آمد کے سلسلے میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کی ہدایت پر ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کا خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے۔ صفائی عملہ تینوں شفٹوں میں شہر میں صفائی کے انتظامات یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کے مطابق عید میلاد النبی ﷺ سے قبل شہر کی 160 سے زائد جامع مساجد کی صفائی اور دھلائی مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ شہر میں ہونے والے تمام جلوسوں اور محافل کے لیے بھی خصوصی صفائی عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔
ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کے 2318 سے زائد ورکرز شہر کے تمام ٹاؤنز میں خصوصی صفائی آپریشن پر مامور ہیں۔ 182 ورکرز نائٹ شفٹ میں شاہراہوں کی مکینیکل سویپنگ اور واشنگ کے انتظامات یقینی بنا رہے ہیں۔
میلاد مصطفی ﷺ کی مناسبت سے نکالے جانے والے جلوسوں کے راستوں پر چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا، جبکہ ربیع الاول کے حوالے سے جاری محافل اور جلوسوں کے راستوں پر مینوئل سویپنگ اور ویسٹ کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔
میلاد چوک، سرکلر روڈ، سنہری مسجد، بھاٹی گیٹ، دہلی گیٹ، اندرون لاہور اور داتا دربار سمیت شہر بھر میں صفائی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ فورٹ روڈ، گلشن راوی اور ملتان روڈ پر ویسٹ کلیئرنس اور واشنگ ایکٹیویٹیز کے لیے بھی عملہ تعینات ہے۔
مال روڈ، جیل روڈ، ضلع کچہری، اسلام پورہ، ساندہ اور آؤٹ فال روڈ پر بھی خصوصی صفائی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کا کہنا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے جاری محافل، ریلیوں اور جلوسوں کے اختتام تک خصوصی صفائی آپریشن جاری رہے گا۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کے صفائی عملے سے تعاون کریں۔ صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں ستھرا پنجاب کی ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔












