لاہور (پنجاب پوسٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مولانا فضل الرحمان کے 1971ء کی جنگ سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان 1971ء کی جنگ کو یاد کرتے ہیں، 10 مئی کو کیوں بھول جاتے ہیں؟ اگر وہ 10 مئی کی جنگ جیتنے کی بات بھی کرتے تو ان کی بات میں وزن نظر آتا۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بتائیں کس کو دعویٰ ہے کہ جس نے جو جنگ لڑی، وہ جیتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاک افواج ہی نہیں بلکہ پوری قوم نے مل کر لڑنی اور جیتنی ہے، پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کیا بھارت دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو بھلا سکتا ہے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر متعدد بار دہشت گردوں کی نشاندہی کر چکے ہیں۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان، امریکہ، ایران جنگ کا پرامن حل چاہتا ہے، اس حوالے سے آرمی چیف اور وزیراعظم کی سفارت کاری بہت کمال رہی۔ آرمی چیف امریکہ ایران جنگ بندی کے لیے ایران گئے ہیں، دعا ہے کہ ان کا دورہ کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی تقسیم انتظامی ہو یا سیاسی، اس پر بات ہونا ابھی باقی ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ جو بیمار ہیں، انہیں علاج کی سہولت ملنی چاہیے۔













