لاہور ، سیالکوٹ اور بہاولپور میں کھیلوں کے مقابلے، کس شہر میں کون سا میدان سجے گا؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیر صدارت پنجاب میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی سہولیات میں اضافے اور سپورٹس سرگرمیوں کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے مختلف ڈویژنز میں کھیلوں کی موجودہ صورتحال، سہولیات، کوچنگ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں کھیلوں کی سرگرمیوں اور سہولیات کا مرحلہ وار جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر مواقع اور ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں اکتوبر کے دوران پاکستان کے بڑے پہلوانوں کا دنگل منعقد کیا جائے گا، جبکہ سپورٹس بورڈ پنجاب جنرل باڈی میٹنگ کے بعد بہاولپور کو مزید کوچز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں لاہور اور سیالکوٹ کے پیڈل ٹینس کورٹس میں ایک ہفتے پر مشتمل سپورٹس سرگرمیوں کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے کہا کہ مختلف کھیلوں کے فروغ کیلئے نئے ایونٹس اور سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔

فضل الرحمن نے برٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ جیتنے والے پاکستانی کھلاڑی سہیل عدنان کو بھی سکالرشپ پروگرام میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بہترین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے سکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ مزید مستحق اور نمایاں کھلاڑیوں کو بھی اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے کہا کہ رائزنگ سٹار پورٹل کے ذریعے پنجاب کے تمام ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اپنی پروفائلنگ کر سکتے ہیں، جس سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت اور ان کی صلاحیتوں کے مطابق مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس کے دوران سپورٹس کمپلیکسز میں خواتین اور فیملیز کیلئے الگ اوقات مختص کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ فضل الرحمن نے ڈویژنل سپورٹس افسران کو ہدایت کی کہ آئندہ سپورٹس بورڈ پنجاب جنرل باڈی میٹنگ میں شرکت یقینی بنائیں اور کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ ریونیو جنریشن کیلئے بھی مؤثر اقدامات کریں۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس شبیر حسین چیمہ، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بالخصوص بہاولپور ڈویژن کے سپورٹس امور، دستیاب سہولیات، کوچنگ اور مستقبل کی کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے