اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) سعودی کاروباری برادری نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے سعودی انویسٹمنٹ فورم کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سعودی کاروباری اداروں کے لیے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سعودی کاروباری برادری نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ سعودی انویسٹمنٹ فورم کے نیٹ ورک میں 400 سے زائد مستند کاروباری ادارے شامل ہیں۔
سعودی وفد کے مطابق ریاض اور جدہ کے کاروباری فورمز کو ایک متحد پلیٹ فارم پر یکجا کردیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے کاروباری روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند مستند سعودی اداروں کو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی اور درپیش مسائل کے حل میں معاونت فراہم کرے گا۔
سعودی انویسٹمنٹ فورم کی جانب سے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو آئندہ سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔
دونوں جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔












