گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری کے لیے سرمایہ کاروں کی زبردست دلچسپی دیکھنے میں آئی اور 11 ممکنہ سرمایہ کاروں اور کنسورشیمز کی جانب سے درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری کے عمل میں ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے زبردست دلچسپی کا اظہار کیا۔
نجکاری کمیشن کو اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ تک 11 ممکنہ سرمایہ کاروں اور کنسورشیمز کی جانب سے درخواستیں موصول ہو گئی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ گیپکو کی نجکاری کے تحت انتظامی کنٹرول کے ساتھ 51 سے 100 فیصد شیئر ہولڈنگ فروخت کی جائے گی۔
دلچسپی ظاہر کرنے والوں میں ترکیے کی اکتر الیکٹرک، جنویرا انرجی اور چنگز انرجی جبکہ سعودی عرب کی آل شریف کنٹریکٹنگ کمپنی شامل ہیں۔
ملکی سطح پر کے الیکٹرک، اینگرو انرجی، حب پاور، لکی سیمنٹ، سیفائر فائبرز، شیرازی انویسٹمنٹ، آرٹسٹک ملنرز، فاطمہ گروپ، اے کے ڈی سیکیورٹیز، فاسٹ کیبلز اور مغل اسٹیل جیسے بڑے کاروباری گروپس نے بھی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے اسے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں اہم سنگ میل اور حکومت کی شفاف پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیشگی اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے سرمایہ کاروں کو اگلے مرحلے میں مدعو کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں گیپکو کے ساتھ فیسکو اور آئیسکو کی نجکاری بھی شامل ہے۔










