لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب، محفوظ روڈز ویژن کے تحت بچوں کے تحفظ کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے سکول وینز، رکشوں اور بسوں میں اوورلوڈنگ اور گیس سلنڈر استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بچوں کو سکول لانے اور لے جانے والی کسی بھی گاڑی، ویگن یا رکشے میں ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ رکشہ ڈرائیور آگے والی سیٹ پر کسی بچے کو نہ بٹھائیں، جبکہ رکشوں کے سائیڈز پر بیگ یا دیگر اشیاء لٹکانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
کینال روڈ پر چلنے والے رکشوں میں بھی آگے والی سیٹ پر کسی کو بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ پک اپ ڈرائیور فرنٹ سیٹ پر ایک سے زائد سواری نہیں بٹھا سکیں گے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اور جرمانے کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 24 اگست کو سکول کھلنے کا اعلان، تعلیمی اداروں کے نئے اوقات کار کیا ہونگے؟
سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پیز اور ایجوکیشن یونٹ کو سکول انتظامیہ اور والدین کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری سمجھیں اور بچوں کے لیے محفوظ سواری کا انتخاب کریں۔
شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اوورلوڈنگ یا غیر محفوظ طریقے سے بچوں کو لے جانے والے رکشوں اور ویگنوں کی نشاندہی کریں، جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کارروائی اور آگاہی کے لیے سکولوں کے باہر 200 سے زائد ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جا رہے ہیں۔










