بہاولنگر(پنجاب پوسٹ) ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی زیرِ صدارت مختلف محکمانہ امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوئے، جن میں ضلع بھر میں جاری مختلف منصوبوں، محکموں کی کارکردگی اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم سے متعلق مختلف امور اور زیرِ غور معاملات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ڈسٹرکٹ جیل سے متعلق ہیلتھ کونسل کے افسران نے طبی سہولیات اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ پیش کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری اور مریضوں کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے، جبکہ تمام محکمانہ امور میں شفافیت اور میرٹ کو مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام محکموں کو باہمی رابطے اور مربوط انداز میں کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔














