لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر ٹریفک پولیس پنجاب کی جانب سے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران صوبے بھر میں 4 لاکھ 42 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں میں 1 لاکھ 49 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ 1 لاکھ 43 ہزار سے زائد شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اسی دوران 1 لاکھ 46 ہزار شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔
ترجمان کے مطابق ایک ہزار سے زائد شہریوں کو گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے، جبکہ 3 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن سہولیات سے بھی شہریوں کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 73 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت استعمال کی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لائسنس کے حصول سے قبل مناسب طریقے سے ڈرائیونگ سیکھنے والے شہریوں کی تعداد میں اضافے کے باعث پنجاب میں ٹریفک حادثات میں کمی آئی ہے۔ ٹریفک پولیس شہریوں میں ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے شعور اجاگر کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنس بننے کے فوری بعد اپنے موبائل فون میں ای ڈرائیونگ لائسنس بھی ڈاؤن لوڈ کریں۔ ان کے مطابق ای ڈرائیونگ لائسنس کی اہمیت ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کے برابر ہے۔
شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل سے استفادہ کر سکتے ہیں۔










