اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)احسن اقبال نے اپنے بیان میں حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد حکمران کا طرزِ زندگی عوام کے حالات سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ ان کے مطابق جب قوم مہنگائی اور بیروزگاری جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہو تو قیادت کیلئے سادگی اور اعتدال محض ایک پسندیدہ عمل نہیں بلکہ اخلاقی فرض بن جاتا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ ذاتی خوشیوں کا حق ہر فرد کو حاصل ہے، مگر اقتدار سے جڑی زندگی مکمل طور پر نجی نہیں رہتی، اور قیادت کی اصل پہچان نمود و نمائش میں نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہم آہنگی میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر بن عبدالعزیزؒ نے یہ ثابت کیا کہ اقتدار دراصل ذمہ داری کے معیار کو بلند کرنے کا نام ہے، نہ کہ ذاتی معیارِ زندگی بہتر بنانے کا۔
اس ٹویٹ کے بعد فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان دراصل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر براہِ راست تنقید ہے، اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو ذاتی وابستگی کے خول سے باہر نکلنا چاہیے کیونکہ اسی میں ملک کا فائدہ ہے۔














