لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ متحرک، ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 90 املاک سربمہر کر دیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، گلشن راوی، پونچھ روڈ اور اعظم گارڈن میں کارروائیاں کیں۔ غیرقانونی کمرشل استعمال کے خلاف گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں 25 املاک سربمہر کی گئیں۔
کینال روڈ، گلشن راوی اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 39 املاک سیل کر دی گئیں، جبکہ ریکوری آپریشن کے دوران اعظم گارڈن میں مزید 26 املاک سربمہر کی گئیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کالج، اکیڈمیز، کلینکس، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، گراسری اور ہارڈویئر سٹورز، فارمیسیز، دکانیں، شو رومز اور دفاتر سمیت دیگر کمرشل املاک شامل ہیں۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیرنگرانی کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔











