حافظ آباد(پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے حکم پر قتل گڑھا چوک میں واقع میٹ شاپ پر کارروائی کرتے ہوئے 35 کلو بدبودار اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا، جبکہ دکان مالک کو موقع سے گرفتار کروا کر مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ویٹرنری آفیسر نے گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا تو اس کی رنگت تبدیل اور بدبو دار ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی استعمال کے لیے انتہائی مضر پایا گیا۔ معائنے کے دوران گوشت غیر قانونی طور پر ذبح کیے گئے جانور کا ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: حافظ آباد، قبرستان کی زمین کی بجائے گھر بن گئے، زمین کا اصل مالک کون ہے؟
ترجمان کے مطابق جانوروں کی خریداری اور گوشت کی سپلائی کا ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔ برآمد ہونے والے تمام ناقص گوشت کو فوڈ بزنس آپریٹر کی موجودگی میں تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بنیادی مقصد شہریوں کو معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ دودھ، گوشت اور بنیادی اشیائے خورونوش کی ٹریسیبیلٹی کے لیے ایس او پیز وضع کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر مضر صحت خوراک کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور ایسے کاروبار بند کر دیے جائیں گے۔










