لاہور (پنجاب پوسٹ) پارسل کی ترسیل کے نام پر شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرکے ان کے رشتہ داروں اور دوستوں سے رقم طلب کرنے والا سائبر فراڈ کا نیا طریقہ سامنے آگیا۔ جعل ساز گروہ خود کو معروف کورئیر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں کو فون کرتے ہیں اور پارسل کی ڈیلیوری یا پتے کی تصدیق کے نام پر واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ حاصل کرتے ہیں۔
جعل ساز شہریوں کو بتاتے ہیں کہ ان کا پارسل آیا ہوا ہے، ڈیلیوری مکمل کرنے کے لیے موبائل فون پر ایک کوڈ موصول ہوگا، جو انہیں بتانا ہوگا۔ جیسے ہی شہری واٹس ایپ پر موصول ہونے والا تصدیقی کوڈ کال کرنے والے شخص کو بتاتے ہیں، جعل ساز متاثرہ شخص کے نمبر پر اپنے موبائل فون میں واٹس ایپ رجسٹر کرکے اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کرلیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کمپنی کے ڈھائی لاکھ ہتھیانے کیلئے ڈکیٹی کی جھوٹی کال، ملزم کیسے پکڑے گئے؟
واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد جعل ساز متاثرہ شخص کے رابطہ نمبرز استعمال کرتے ہوئے اس کے رشتہ داروں، دوستوں، ساتھیوں اور جاننے والوں کو پیغامات بھیجتے ہیں۔ پیغامات میں فوری مالی مدد کی ضرورت ظاہر کرکے رقم مختلف اکاؤنٹس میں بھجوانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ پارسل کی ڈیلیوری یا کسی بھی تصدیق کے نام پر واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ کسی شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ یہ کوڈ اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔










