لاہور (پنجاب پوسٹ) ننکانہ صاحب تھانہ صدر ننکانہ کی حدود میں ڈکیتی کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے مبینہ ڈاکوؤں کا سی سی ڈی ٹیم سے مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں تین ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان میں ہارون، علی حسنین اور عاکف شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان ننکانہ صاحب میں چند روز قبل 10 سالہ رفعت فاطمہ کے اغواء، زیادتی اور قتل کے مقدمے میں بھی مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی کے بعد موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ سی سی ڈی ٹیم نے ان کا تعاقب کیا۔ اس دوران مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی، جبکہ تین مبینہ ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر تصور منیر اور انسپکٹر شازیہ شاہد کی سربراہی میں سی سی ڈی پولیس ٹیم نے کارروائی میں حصہ لیا۔ شہریوں نے سی سی ڈی ٹیم کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔










