"مریم کو بتائیں” اور "مریم کی دستک” پنجاب کے 41 اضلاع میں 28 ڈیپارٹمنٹ کی 110 سروسز کیسے ایک ایپ سے چلائے جارہے ہیں، مزید کون سی سروسز ایک ایپ پر منتقل کی جارہی ہیں؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں تمام سرکاری سروسز کو ’’مریم کی دستک‘‘ کے پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کو سروسز کی ڈیجیٹل منتقلی کا ٹاسک دے دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین PITB فیصل یوسف نے انہیں مختلف ڈیجیٹل منصوبوں اور ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’مریم کی دستک‘‘ کے تحت اب تک 40 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوچکے ہیں، جبکہ 41 اضلاع میں 28 محکموں کی 110 سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔ پلیٹ فارم کے ذریعے 434 ڈیجیٹل بزنس سروسز بھی مہیا کی جارہی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی کے فروغ کے لیے سافٹ ویئر اور ہارڈویئر ہاؤس کے طور پر ’’میکر اسپیس‘‘ پراجیکٹ تیار کیا گیا ہے، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ مریم نواز شریف چند ہفتوں بعد کریں گی۔ ’’ایکسلریٹ پنجاب‘‘ کے تحت لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں اسٹارٹ اپس کے لیے ’’ٹیک فنڈ‘‘ بھی قائم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے تحت 19 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، 585 انٹرن شپ مکمل جبکہ 1692 جاری ہیں اور 82 فیصد انٹرنز کو روزگار حاصل ہوچکا ہے۔ پروگرام کے تحت فیز ون اور فیز ٹو میں 60 ہزار اسکالرشپس بھی دی جارہی ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ’’مریم کو بتائیں‘‘ ایپ کے ذریعے ضرورت مند افراد کو 48 گھنٹوں میں مدد فراہم کی جاتی ہے، جبکہ ’’ون میپ‘‘ اسمارٹ جی آئی ایس پلیٹ فارم پر 6 ہزار ڈیٹا سیٹس شامل کیے جاچکے ہیں۔

پنجاب میں ای آکشن کے ذریعے 6 لاکھ 12 ہزار 953 نیلامیاں ہوئیں، جن سے 74 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا۔ اسی طرح ’’ای فاس‘‘ سسٹم کے ذریعے 71 لاکھ سرکاری خطوط اور پونے دو لاکھ سے زائد سمریز جاری کی گئیں، جبکہ 69 ہزار 242 میٹنگ نوٹس کے اجرا سے 5 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’’ای بز‘‘، ’’مریم کی دستک‘‘ اور دیگر اسٹالز کا بھی معائنہ کیا اور سروسز سے مستفید ہونے والے شہریوں سے گفتگو کی۔ شہریوں نے ڈیجیٹل سروسز کے ذریعے کم وقت میں دستاویزات اور سرٹیفکیٹس کے حصول پر وزیراعلیٰ کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔

مریم نواز شریف نے PITB کے ٹیکنیکل سپورٹ ونگ کا بھی دورہ کیا اور سافٹ ویئر بنانے والے انجینئرز، بالخصوص خواتین انجینئرز سے گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے ٹیکنیکل سپورٹ ونگ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے آئی ٹی کے فروغ اور شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب میں ’’مریم کی دستک‘‘ کے تحت گھر گھر دستاویزات پہنچانے والے وقاص علی سمیت دیگر شہریوں نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور ڈیجیٹل سروسز کے ذریعے بروقت سہولت ملنے پر اظہارِ تشکر کیا۔ بصارت سے محروم محمد مظفر نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پنجاب کے عوام کا فخر قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے