لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسکول موسم گرما کی تعطیلات کے بعد 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلیں گے۔ اسکولوں کی دوبارہ اوپننگ سے قبل پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں کا 100 فیصد جسمانی معائنہ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ طلبہ کے لیے تعلیمی ماحول، صفائی، بنیادی سہولیات اور سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
ہدایت کے مطابق تمام اسکولوں میں صفائی ستھرائی، کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدان اور دیگر مقامات کی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ کلاس رومز میں فرنیچر کی دستیابی، تعداد اور حالت بھی چیک کی جائے گی تاکہ طلبہ کو مناسب تعلیمی سہولیات میسر ہوں۔
اسکولوں کے برقی نظام کا بھی معائنہ کیا جائے گا، جس میں پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس، وائرنگ اور دیگر برقی آلات کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ صاف پینے کے پانی، واش رومز اور صفائی کی بنیادی سہولیات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اسکولوں میں سیکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر حفاظتی آلات کی موجودگی اور فعالیت بھی چیک کی جائے گی۔ ڈینگی اور مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات کا بھی خصوصی معائنہ ہوگا۔
پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس کو اپنے متعلقہ اسکولوں کا 100 فیصد معائنہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی سرکاری اسکول معائنے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
معائنے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کی فوری نشاندہی کرکے متعلقہ حکام کو رپورٹ کیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر فالو اَپ معائنوں کے ذریعے خامیوں کی اصلاح کی تصدیق بھی کی جائے گی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔












