لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں سموگ کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے لیے اسکولوں کے لیے پری سموگ ایکشن پلان 2026 کے تحت اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام سی ای اوز (ڈی ای اے) کو مراسلہ ارسال کردیا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سموگ کے پیش نظر اسکولوں میں بیرونی اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کو محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔ طلبہ کو کھلے میدانوں میں کھیلنے اور آؤٹ ڈور ورزش سے روکنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ہدایت کے مطابق ورزش یا کسی بھی آؤٹ ڈور سرگرمی سے قبل ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی سطح چیک کی جائے گی، جبکہ متاثرہ یا خراب AQI والے علاقوں میں غیر ضروری سفر اور مطالعاتی دوروں سے گریز کیا جائے گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق دورانِ تدریس اور اسکول اوقات میں طلبہ کے لیے فیس ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔ اسکولوں کے کمروں میں آلودہ ہوا کے داخلے سے بچاؤ کے لیے کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔












