وہاڑی(پنجاب پوسٹ) وہاڑی کے علاقے گگو میں دورانِ رابری مزاحمت پر خاتون کے قتل کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ وہاڑی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، ہیومین انٹیلیجنس اور بہترین ٹیم ورک کی مدد سے واردات کی حقیقت بے نقاب کرتے ہوئے مقتولہ مریم بی بی کے شوہر عدنان کو قاتل قرار دیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عدنان کی شادی تقریباً 10 سال قبل مریم بی بی سے ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان پیسوں کے معاملے پر اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ایک لڑکی سے مبینہ تعلقات تھے اور وہ دوسری شادی کرنا چاہتا تھا، جس کے لیے اس نے اپنی اہلیہ کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزم رات کے وقت اپنی بیوی کو ہسپتال چیک کروانے کے بہانے لے کر گیا اور مبینہ طور پر سر میں فائر مار کر اسے قتل کر دیا۔ قتل کے بعد ملزم نے پولیس اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے واردات کو رابری کے دوران مزاحمت پر قتل کا رنگ دینے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی تفتیش نے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال اور ایس پی انویسٹی گیشن محمد عثمان موقع پر پہنچے۔ افسران نے کرائم سین کا معائنہ کیا اور تجربے کی بنیاد پر تفتیشی ٹیم کو اہم ہدایات اور تجاویز دیں۔
ایس ڈی پی او سرکل بوریوالا رانا محمد عمران ٹیپو کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کو بروئے کار لاتے ہوئے صرف 3 گھنٹے کے اندر اندر مقدمے کو ٹریس کر لیا اور قتل کے اصل محرکات سامنے لے آئے۔
ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے پولیس ٹیم کی بروقت اور بہترین کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو شاباش دی اور ان کے لیے سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔










