ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) حکومت کی جانب سے سالانہ 25 لاکھ سے 20 کروڑ روپے تک کمانے والے دکانداروں کے لیے صرف ایک فیصد فکس ٹیکس کی سہولت کے اعلان کے بعد ننکانہ صاحب میں تاجروں اور دکانداروں کو سکیم سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کو ٹیکس نیٹ ورک میں لانے کے لیے فکس ٹیکس سکیم متعارف کروائی ہے، جس کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک کمانے والے دکاندار صرف ایک فیصد فکس ٹیکس ادا کرکے اپنے کاروبار کو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔
ننکانہ صاحب آفس میں منعقدہ آگاہی سیشن میں کمشنر ایف بی آر لاہور شبانہ عزیز، ایڈیشنل کمشنر فیاض احمد ابڑو، اسسٹنٹ کمشنر ضلع ننکانہ صاحب رانا احمد ندیم، ضلع بھر کی تاجر تنظیموں کے عہدیداران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
کمشنر ایف بی آر لاہور اور دیگر مقررین نے بتایا کہ سکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کو ایک سبز پلیٹ جاری کی جائے گی، جبکہ ایف بی آر کی جانب سے آمدن کے بارے میں کسی قسم کی پوچھ گچھ نہیں ہوگی اور ایک فیصد فکس ٹیکس کے علاوہ کوئی اور ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا۔
مقررین کے مطابق سکیم کا مقصد چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس کے پیچیدہ طریقہ کار سے بچانا، زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا اور ملکی محصولات میں اضافہ کرنا ہے۔
تاجر برادری نے فکس ٹیکس سکیم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آسان اور شفاف ٹیکس نظام سے کاروباری افراد کو اپنے معاملات قانونی دائرہ کار میں لانے میں سہولت ملے گی۔
دوسری جانب ایف بی آر کی جانب سے دکانداروں اور تاجروں کو فکس ٹیکس سکیم سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔











