فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا اور ناقص خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی قیادت میں انڈسٹریل اسٹیٹ، جناح ٹاؤن اور فیڈمک کے علاقوں میں ایک بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 6 مختلف معروف فوڈ یونٹس پر اچانک چھاپے مارے۔ دورانِ چیکنگ صفائی کے ناقص انتظامات اور قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں پائے جانے پر 3 فوڈ یونٹس کی پروڈکشن فوری طور پر بند کر دی گئی، جبکہ 5 یونٹس کو مجموعی طور پر ساڑھے 4 ملین روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
اس گرینڈ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں مضر صحت، ناقص اور زائد المیعاد مال بھی تلف کیا گیا۔ تلف کی جانے والی اشیاء میں 4 ہزار 860 کلو سویٹ ساس، 1700 لیٹر مینگو جوس، ایک ہزار کلو دھنیا، 1200 کلو آٹا، 700 کلو سٹارچ، 337 کلو ایکسپائر مصالحہ جات، 250 کلو ایکسپائر فلیور، 150 کلو وے پاؤڈر، 150 کلو ویکس، 180 کلو پیکنگ ریلز اور 560 کلو دیگر ممنوعہ و ناقص اشیاء شامل تھیں۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہماری ٹیمیں محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 24 گھنٹے ملاوٹ مافیا کے خلاف برسرپیکار ہیں۔










