باجی بہت اچھی،تشدد کی ویڈیو اے آئی ، اداکارہ میرا کی ملازمہ بیان سے مکر گئی، پولیس نے مقدمہ خارج کردیا

لاہور (پنجاب پوسٹ) اداکارہ میرا پر گھریلو ملازمہ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا، وائرل ویڈیو سامنے آنے کے بعد گھریلو ملازمہ یاسمین نے اپنے پہلے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے سابقہ ویڈیو کو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مبینہ طور پر اداکارہ میرا کو اپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں میرا اپنی ملازمہ سے بات کرتی دکھائی دیتی ہیں تاہم کچھ ہی دیر بعد صورتحال کشیدہ ہوجاتی ہے اور دونوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوجاتی ہے۔

اس سے قبل میرا کی گھریلو ملازمہ نے ایک انٹرویو میں الزام عائد کیا تھا کہ اداکارہ نے اسے متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملازمہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے چہرے سمیت جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئی ہیں۔

ملازمہ نے میرا کی ذہنی حالت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ معمول کے مطابق نہیں ہیں۔


دریں اثناء میرا کی گھریلو ملازمہ یاسمین کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔ یاسمین نے اپنے پہلے بیان سے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کی سابقہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی تھی۔

یاسمین نے کہا کہ میرا بہت اچھی ہیں اور وہ اب بھی ان کے پاس ہی کام کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ میرا اس سے قبل بھی مختلف نوعیت کی ویڈیوز اور بیانات کے باعث خبروں میں رہی ہیں، جبکہ چند سال قبل ایک ٹی وی چینل پر میک اپ آرٹسٹ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے حوالے سے بھی ان کا نام خبروں میں آیا تھا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے