جی سی یونیورسٹی کے معروف محقق، استاد اور دانشور ڈاکٹر سعید خاور اپنی سالگرہ کے روز کیوں ریٹائرڈ ہوئے؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ پنجابی کے سربراہ ڈاکٹر سعید خاور بھٹہ طویل تدریسی، تحقیقی اور علمی خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے ریٹائر ہوگئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے روز ہی سالگرہ ہونے کے باعث شاگردوں، ساتھی اساتذہ اور ادبی دوستوں نے اس موقع کو دوہری خوشی کے طور پر یادگار بنانے کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔

تقریب میں ڈاکٹر مرزا معین الدین، ڈاکٹر محمد سلیم، ڈاکٹر فیاض مگھیانہ، پروفیسر شعیب پاتوآنہ، ڈاکٹر مریم احمد، پروفیسر نسرین اختر، پروفیسر شیزا وارث اور پروفیسر عائشہ نیاز سمیت متعدد اساتذہ اور شاگرد شریک ہوئے۔

ڈاکٹر سعید خاور بھٹہ کے دیرینہ دوست افتخار احمد تارڑ، سلیم عارف سپرا، شاہد سہیل اور محمد اشرف خان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ لاہور کالج ویمن یونیورسٹی سے ڈاکٹر صائمہ بتول اور ڈاکٹر مریم سرفراز بھی خصوصی طور پر تقریب کا حصہ بنیں۔

معروف ترقی پسند شاعر عابد حسین عابد، ڈاکٹر طاہر محمود، ڈاکٹر محمد جواد اور ڈاکٹر محمد نعیم ورک سمیت دیگر ادبی شخصیات نے بھی ڈاکٹر سعید خاور بھٹہ سے اپنی دیرینہ وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی و ادبی خدمات کو سراہا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر سعید خاور بھٹہ نے تدریس کے میدان میں کئی نسلوں کی علمی و فکری تربیت کی اور ان کے شاگرد آج مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ریٹائرمنٹ کسی استاد کی علمی خدمات کا اختتام نہیں ہوتی، کیونکہ استاد کا علم، تربیت اور شاگردوں کے دلوں میں اس کا مقام ہمیشہ قائم رہتا ہے۔

تقریب میں ڈاکٹر سعید خاور بھٹہ کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔ ریٹائرمنٹ اور سالگرہ کی یہ تقریب ایک الوداعی لمحے کے بجائے استاد، شاگرد اور دوستوں کے درمیان دیرینہ علمی و ادبی رشتے کی خوبصورت عکاسی بن گئی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے