لاہور(پنجاب پوسٹ)چیئرپرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل کی زیرِ صدارت رنگ روڈ پولیس کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں کمانڈنٹ رنگ روڈ پولیس میاں اعجاز رشید سمیت تمام سرکل افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، اوور لوڈنگ، اوور اسپیڈنگ اور ایکسل لوڈ مینجمنٹ سمیت مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
گزشتہ ماہ رنگ روڈ پولیس نے اوور اسپیڈنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 600 جرمانے عائد کیے، جبکہ لین لائن کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 54 چالان کیے گئے۔ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 69 ڈرائیورز کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 1 ہزار 519 کارروائیاں کی گئیں، جبکہ اوور لوڈنگ کی خلاف ورزی پر 1 ہزار 442 گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ بلیک پیپر استعمال کرنے والی 290 گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
رنگ روڈ پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف 72 کارروائیاں کیں، جبکہ غیر قانونی پیدل کراسنگ پر 532 جرمانے عائد کیے گئے۔ چیئرپرسن صفی اللہ گوندل نے رنگ روڈ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران کو شاباش دی اور ٹریفک نظم و ضبط مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔









