لاہور (پنجاب پوسٹ) ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے، جبکہ شہر میں منظم ٹریفک اور محفوظ سفر کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ العمل ہوگئی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آج شہر بھر میں خصوصی جنرل ہولڈاپ کی ہدایت کی ہے۔ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کو تھانوں میں بند کروانے اور تمام واجب الادا چالان جمع کروانے کے بعد ہی رہائی دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، فیروزپور روڈ اور وحدت روڈ سمیت 17 مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اب صرف لاہور نہیں پنجاب بھر میں بسنت ہوگی
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ای چالان ڈیفالٹرز کے لیے پولیس کی 14 اہم سروسز بھی محدود کردی گئی ہیں، جبکہ سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنس سسٹم کو آپس میں منسلک کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سگنل، لین لائن، ون وے، دھواں چھوڑنے سمیت 22 سے زائد خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جارہے ہیں، جبکہ ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔











