چوہنگ:محبت کی شادی کا انجام، پانچ زندگیوں کا اختتام، شہر بھر میں کہرام

لاہور(پنجاب پوسٹ) کے علاقے چوہنگ میں گھریلو تنازع نے خون کی ہولی میں بدل کر ایک ہی خاندان کے چار افراد کی جان لے لی، داماد نے سسرالیوں کے گھر گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اس کی اپنی بیوی، ساس، سسر اور سالا جاں بحق ہوگئے، جبکہ واردات کے بعد ملزم نے بھی خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ برکت کالونی چوہنگ میں صبح پونے 6 بجے پیش آیا، جہاں عمران شوکت رائفل لے کر اپنے سسرالیوں کے گھر پہنچا اور اہلخانہ پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سمیعہ بی بی، علی خان، ذیشان خان اور شمائلہ بی بی جاں بحق ہوگئے۔

ملزم نے گھر پہنچتے ہی اپنی اہلیہ سمیعہ بی بی کے سر میں گولی ماری، جبکہ سسر علی خان کو سینے میں فائر کیا گیا۔ سالے ذیشان خان کو کمر میں گولی لگی، جبکہ ساس شمائلہ بی بی بھی فائرنگ کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئیں۔

چار افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد عمران شوکت نے مبینہ طور پر اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی چوہنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو قبضے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔

پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، جبکہ قتل کی اصل وجوہات، گھریلو تنازع کی نوعیت اور واردات سے قبل پیش آنے والے واقعات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے