لاہور (پنجاب پوسٹ) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قیامِ امن، جرائم پر قابو پانے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سود خوروں کے خلاف جاری کارروائیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران 21 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سود خور کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سود خوری سے متاثرہ شہریوں کو فوری انصاف اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اے آئی انقلاب، اگلے تین سال میں مریم نواز کیا کرنے جارہی ہیں؟
اجلاس میں منشیات کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منشیات کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ٹریس کرکے قانونی کارروائی کرنے اور ان کے ہاٹ سپاٹس پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے شہر بھر میں کامبنگ آپریشنز جاری رکھنے اور شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانے کی بھی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران مظلوم شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید سمیت سول لائنز اور سٹی ڈویژن کے پولیس افسران نے شرکت کی۔












