لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت نے صرف لاہور تک محدود رہنے کے بجائے صوبہ بھر میں بسنت منانے کی اجازت دے دی ہے، تاہم بسنت کے لیے مخصوص مقامات اور قواعد و ضوابط کا اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق بسنت کے تہوار کے لیے پتنگوں اور ڈور کی تیاری رواں سال اکتوبر سے شروع کی جائے گی، جبکہ مخصوص مقامات پر پتنگ سازی کی اجازت دینے کے لیے انتظامی پلان بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف شہروں میں بسنت کے انعقاد کے لیے مقامات کا تعین قواعد و ضوابط کے تحت کیا جائے گا۔ بسنت منانے کے حوالے سے حفاظتی اقدامات اور دیگر انتظامات کو بھی پلان کا حصہ بنایا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے بسنت کے لیے نامزد مقامات اور تفصیلی قواعد و ضوابط کا اعلان جلد کیے جانے کا امکان ہے۔












