لاہور(پنجاب پوسٹ) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ بعض مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کی صورتحال نارمل ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ کالاباغ میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 56 ہزار، چشمہ میں 3 لاکھ 32 ہزار جبکہ تربیلا میں 2 لاکھ 89 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ "سسٹم کو چکما” دینے والا شخص عدالت کی نظر میں کیسے آیا؟
ترجمان نے بتایا کہ نارووال کے نالہ بسنتر، نالہ ایک اور وزیر آباد کے پلکھو میں بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ مزید برآں تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 67 فیصد بھر چکا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں۔
انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔











