سیالکوٹ ( پنجاب پوسٹ ) سیالکوٹ میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، تھانہ کوتوالی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ عمری گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی چھیننے اور چوری کرنے کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے۔
ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی سٹی سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کوتوالی انسپکٹر بشارت علی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس اور مؤثر حکمت عملی کو بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیں : فیصل آباد ، پولیس نے چوری شدہ مال کیسے برآمد کیا اور اصل مالکان تک کیسے پہنچایا؟
پولیس نے کارروائی کے دوران عمری گینگ کے سرغنہ سمیت عمر، شہباز، رشید اور ضیغم نامی چار ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے، جبکہ ان سے مزید اہم معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے پانچ موٹر سائیکلیں، ایک رکشہ، ایک لاکھ روپے نقدی، دو موبائل فونز اور تیس بور کا ناجائز پسٹل برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والی اشیا مبینہ طور پر شہریوں سے چھینی اور چوری کی گئی تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں، وارداتوں اور مزید برآمدگی کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ تفتیش کے دوران گینگ کی مزید وارداتوں کا سراغ بھی مل سکتا ہے۔
ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد نے کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران اور جوانوں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔













