لاہور (پنجاب پوسٹ) جشن آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، روڈ ریسنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف لاہور ٹریفک پولیس نے بڑا اقدام اٹھا لیا، گزشتہ سال سے اب تک ون ویلنگ میں ملوث 120 سے زائد موٹرسائیکلیں بلیک لسٹ کردی گئیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بلیک لسٹ موٹرسائیکلیں سیف سٹی کیمروں کی نظر میں آتے ہی فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ جشن آزادی پر ون ویلرز اور روڈ بلاک کرکے ہلڑ بازی کرنے والوں کی نشاندہی کے لیے سیف سٹی کیمروں سے مدد لی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ، روڈ ریسنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں، جشن آزادی کی آڑ میں ہلڑ بازی اور روڈ بلاکنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ روڈ بلاک کرکے ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ جشن آزادی کے موقع پر اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں خطرناک سرگرمیوں سے روکیں، لاہور کی سڑکوں پر ون ویلنگ اور روڈ ریسنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔













