لاہور( پنجاب پوسٹ ) جشنِ آزادی کے موقع پر ون ویلنگ اور قانون شکنی کی روک تھام کے لیے لاہور پولیس نے کارروائیاں تیز کر دیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ماہِ اگست کے دوران ون ویلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 31 ملزمان کو گرفتار کرکے 29 مقدمات درج کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق رواں سال لاہور میں ون ویلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران اب تک 962 ملزمان کو گرفتار جبکہ 910 مقدمات کا اندراج یقینی بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیصل آباد ، پولیس نے چوری شدہ مال کیسے برآمد کیا اور اصل مالکان تک کیسے پہنچایا؟
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر قانون شکنی کی صورت میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
سی سی پی او لاہور کے مطابق ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا، جبکہ جشنِ آزادی کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک پولیس، پٹرولنگ ٹیموں اور اضافی پولیس نفری کو اہم شاہراہوں پر تعینات کیا جائے گا۔
بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جشنِ آزادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائیں، تاہم ون ویلنگ، خطرناک ڈرائیونگ اور دیگر قانون شکن سرگرمیوں سے اجتناب کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔













