فیصل آباد، گڈز ٹرانسپورٹرز کا احتجاج، صنعتی شہر میں تجارتی سرگرمیاں مفلوج

فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف فیصل آباد میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پہیہ جام ہڑتال شروع کر دی، جس کے باعث جھنگ روڈ اور ریلوے مال گودام مکمل طور پر بند ہو گئے ہیں اور شہر کی تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

ہڑتال کے باعث ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے، جس کے نتیجے میں فیصل آباد سے دوسرے شہروں کو سامان کی ترسیل رک گئی ہے۔ مال برداری کا نظام متاثر ہونے سے مقامی تاجروں، صنعتکاروں اور بیوپاریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

گڈز ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ان کے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق ایندھن کے اخراجات میں اضافے کے ساتھ گاڑیوں کی مرمت، مینٹیننس، ٹائرز اور دیگر اخراجات بھی کئی گنا بڑھ چکے ہیں، جبکہ اس کے مقابلے میں مال برداری کے کرائے انتہائی کم ہیں۔

احتجاج کرنے والے گڈز ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ دوبارہ معمول کے مطابق کام کر سکے۔

ٹرانسپورٹرز نے بھاری ٹول ٹیکسز میں کمی اور ٹریفک پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے مبینہ طور پر ناجائز چالان اور جرمانوں کا سلسلہ بھی فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ ان کے مطالبات تسلیم ہونے تک پہیہ جام ہڑتال جاری رہے گی۔ ہڑتال کے باعث فیصل آباد سے سامان کی ترسیل کا نظام متاثر ہونے سے کاروباری حلقوں میں بھی تشویش پائی جا رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے