مضفرآباد ( پنجاب پوسٹ ) آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ اور حویلی کے چار انتخابی حلقوں میں پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ دونوں اضلاع میں ووٹرز کی بڑی تعداد علی الصبح ہی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر پہنچنا شروع ہو گئی۔
تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار 371 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن کے لیے 803 پولنگ اسٹیشنز اور 1254 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 14 غربی باغ میں مجموعی طور پر 214 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 41 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ میں 211 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں، جن میں 53 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایل اے 16 شرقی باغ میں 186 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 61 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔
حلقہ ایل اے 14 غربی باغ میں ووٹرز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار 199، ایل اے 15 وسطی باغ میں ایک لاکھ 14 ہزار 937 جبکہ ایل اے 16 شرقی باغ میں ایک لاکھ 6 ہزار 721 ہے۔
ضلع حویلی کے واحد انتخابی حلقے ایل اے 17 میں ایک لاکھ 17 ہزار 514 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ حلقے میں بھی ووٹرز کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع کیا گیا ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے دونوں اضلاع کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس اور حساس ترین قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولنگ کے آغاز سے قبل ہی باغ اور حویلی کے مختلف علاقوں میں ووٹرز کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ مردوں اور خواتین ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ رہی ہے اور اپنے پسندیدہ امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈال رہی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے پولنگ کے عمل کو پرامن، شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔












