لاہور (پنجاب پوسٹ) عوام کو بہتر ہاؤسنگ سروسز کی فراہمی کے لیے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان کی زیر صدارت اجلاس میں جدید اور پائیدار ہاؤسنگ منصوبوں کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے جاری پروگرامز ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ اور ’’محفوظ چھت‘‘ کی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔
سکندر ذیشان نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ منصوبوں کے مستحقین کی رہنمائی اور معاونت کے لیے فیلڈ افسران اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو ہاؤسنگ منصوبوں کے ثمرات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
ڈی جی پھاٹا کا کہنا تھا کہ معیاری، پائیدار اور محفوظ رہائشی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ہاؤسنگ سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والی غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کے لیے بہتر اور منظم رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، شفافیت اور عوامی سہولت کو فروغ دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر رہائشی سہولیات میسر آ سکیں۔











