لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب ریونیو اتھارٹی نے کچی رسیدوں کے اجراء پر پابندی عائد کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئے احکامات کے تحت ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز سمیت متعلقہ کاروباری مراکز پر ای آئی ایم ایس کے نظام کا نفاذ لازم قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق مذکورہ کاروباری اداروں کو صارفین کو ای آئی ایم ایس کے تحت باقاعدہ رسید جاری کرنا ہوگی۔ کچی رسیدوں کے ذریعے لین دین کرنے یا مقررہ نظام کے تحت رسید جاری نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ کاروبار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ای آئی ایم ایس کے تحت رسید جاری نہ کرنے والے کاروباری مراکز پر 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف مزید سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، جس کے تحت ایک ماہ تک کاروبار سیل کیا جا سکے گا۔
اتھارٹی نے متعلقہ کاروباری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ نظام کے تحت رسیدوں کا اجراء یقینی بنائیں اور قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔












