لاہور(پنجاب پوسٹ) نواب ٹاؤن پولیس نے بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو نشانہ بنا کر لوٹنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کیا، جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے شہری سے چھینی گئی لاکھوں روپے کی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عامر شہزاد اور اویس علی کے نام سے ہوئی ہے۔ چند روز قبل حسن نامی شہری بینک سے رقم نکلوا کر جا رہا تھا کہ ملزمان نے جوہر ٹاؤن جی تھری کے قریب اسے گن پوائنٹ پر روک لیا۔
ملزمان نے شہری سے 31 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی چھینی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر نواب ٹاؤن پولیس نے کارروائی شروع کرتے ہوئے جائے وقوعہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کیں۔
پولیس ٹیم نے فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور ٹریسنگ کی، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے واردات میں چھینی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور کی نجی ہاوسنگ سوسائٹی سے شہری اغوا، تاوان کی کتنی رقم طلب کی گئی؟
نواب ٹاؤن پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے .مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے دیگر پہلوؤں اور ملزمان کے ممکنہ ساتھیوں سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔















