لاہور(پنجاب پوسٹ)میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے سائبر فراڈ میں ملوث اوڈ گینگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے مجموعی طور پر 28 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایت پر سائبر فراڈ نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق لاہور سے اوڈ گینگ کے 18 ملزمان گرفتار کیے گئے، جو مبینہ طور پر شہریوں کو مختلف طریقوں سے دھوکا دے کر لاکھوں روپے ہتھیاتے تھے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمان خود کو سرکاری افسر، ویزا ایجنٹ اور قریبی رشتہ دار ظاہر کرکے شہریوں سے رقم بٹورتے تھے۔ دوسری جانب فیصل آباد میں آن لائن ٹریڈنگ اور ای میل ہیکنگ میں مبینہ طور پر ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کی کارروائیوں سے ایک شہری کو 54 لاکھ روپے سے زائد کا مالی نقصان پہنچا۔
ملتان میں بھی کارروائی کرتے ہوئے اوڈ گینگ کے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں برطانیہ کا رہائشی اور بینک اہلکار بن کر مبینہ طور پر فراڈ کرنے والے افراد بھی شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 24 موبائل فونز اور لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے ہیں۔ برآمد ہونے والے ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ جاری ہے جبکہ ملزمان کے مالی لین دین اور سائبر فراڈ کے نیٹ ورک سے متعلق مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔













