سیالکوٹ کے فٹ بال دنیا بھر میں مشہور ، شہر میں صنعتکاروں کو کیا سہولیات میسر ہیں ؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ اور چیمبر آف کامرس کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کہتے ہیں کہ صنعتکاروں اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے صدر چیمبر سید احتشام مظہر کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں صنعتی شعبے کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، صنعتکاروں کو درپیش مسائل، حکومتی اقدامات اور شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والا صنعتی اور برآمدی مرکز ہے، یہاں کی صنعتکار اور برآمد کنندہ برادری ملکی معیشت کے لیے قیمتی زرمبادلہ کما رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صنعتکاروں اور کاروباری افراد کے مسائل کے حل کے لیے چیمبر آف کامرس کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی، جبکہ باہمی مشاورت سے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔

ملاقات میں شہر کے ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، شہری سہولیات، کاروباری مراکز میں ٹریفک اور دیگر شہری مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کا مقصد شہریوں، تاجروں اور کاروباری برادری کو بہتر، محفوظ اور منظم ماحول فراہم کرنا ہے، کارروائی میں کاروباری طبقے کے جائز مفادات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

اس موقع پر صدر چیمبر سید احتشام مظہر نے صنعتکاروں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے