پنجاب کے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہے کہ کیا تعلیمی ادارے31 اگست تک بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا اختتام قریب آتے ہی سرکاری اور نجی سکولوں میں طلبہ کی واپسی کی تیاریاں جاری ہیں۔تاہم جاری مون سون بارشوں کے باعث تعطیلات میں ممکنہ توسیع سے متعلق قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ کیا یکم ستمبر 2026 کو سکول دوبارہ کھلیں گے؟
موجودہ طے شدہ شیڈول کے تحت پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات 23 اگست 2026 کو ختم ہو رہی ہیں، جس کے بعد 24 اگست سے سکول دوبارہ کھلنے کے قومی امکانات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال 23 اگست سے آگے تعطیلات بڑھانے کی فی الحال کوئی تجویز یا رپورٹ زیرِ غور نہیں ہے۔
حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو 24 اگست تک بند رکھنے کی سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو جاری کردہ تاریخ سے پہلے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے سے خبردار کردیا۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کوئی بھی سرکاری یا نجی اسکول 24 اگست سے پہلے معمول کی کلاسز شروع نہیں کرسکتا، اسکول انتظامیہ حکومتی ہدایات کی پابندی کرے اور طلبہ کو گرمیوں کی چھٹیوں کا مکمل دورانیہ فراہم کرے۔
رانا سکندر حیات نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے تعطیلات کا ایک مکمل ماہ "ریمیڈیل لرننگ کیمپس” کے لیے مختص کیا تھا، تاکہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کا ازالہ کیا جا سکے، ان کیمپس کا مقصد نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل طلبہ کی بنیادی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور ان کی کارکردگی کو تقویت دینا ہے۔انہوں نے اسکول مالکان اور انتظامیہ کو حکومتی پالیسی پر مکمل تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ 24 اگست سے قبل اسکول کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکومت نے والدین اور طلبہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے متعلق صرف پنجاب حکومت کے جاری کردہ سرکاری شیڈول پر اعتماد کریں۔
یاد رہے گزشتہ سال پنجاب حکومت نے شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث سکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کرتے ہوئے انہیں 31 اگست 2025 تک بڑھا دیا تھا۔












