لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب بھر میں فلیشر اور ایچ آئی ڈی لائٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا گیا ہے، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حادثاتی تجزیے سے ثابت ہوا ہے کہ ایچ آئی ڈی اور فلیشر لائٹس سڑک حادثات کی بڑی وجہ بن رہی ہیں۔ ہائی بیم اور تیز روشنی والی لائٹس مخالف سمت سے آنے والے ڈرائیورز کی نظر کو متاثر کرتی ہیں، جس کے باعث حادثات پیش آتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دورانِ ڈرائیونگ ویزیبلٹی متاثر ہونے سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں، اسی لیے غیر معیاری اور تیز روشنی والی لائٹس کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ممنوعہ لائٹس کے استعمال پر پنجاب میں سترہ ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے پانچ ہزار سے زائد ڈرائیورز کو جرمانے کیے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے واضح کیا ہے کہ موٹر سائیکل سمیت تمام گاڑیوں پر فلیشر اور ایچ آئی ڈی لائٹس کا استعمال مکمل طور پر ممنوع ہے، اور مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی لائٹس کے استعمال سے گریز کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں تاکہ انسانی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق غیر قانونی لائٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر دوبارہ سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔














