لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن اینڈ ویژول آرٹس شعبہ ویژول آرٹس کے زیرِ اہتمام ڈگری شو 2026 کا افتتاح کیا گیا۔ نمائش میں پینٹنگ، منی ایچر پینٹنگ، سیرامکس اور خطاطی کی طالبات کے تخلیقی، فکری اور تحقیقی کام پیش کیے گئے۔ نمائش کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے بطور مہمانِ خصوصی کیا، جبکہ محترمہ قدسیہ رحیم، شریک بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور بینالے فاؤنڈیشن نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے طالبات کے تخلیقی کام کو سراہا اور طالبات و فیکلٹی کو کامیاب ڈگری شو کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کے کام میں تخلیقی سوچ، فکری گہرائی، محنت اور فنی مہارت نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے طالبات کو ایسے پلیٹ فارمز فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں، نئے خیالات پر کام کریں اور اپنی علمی و تخلیقی تربیت کو پیشہ ورانہ میدان سے جوڑ سکیں۔
قدسیہ رحیم نے نمائش میں پیش کیے گئے موضوعات، تکنیک اور جدید رجحانات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے ڈگری شوز طالبات کو اپنی تخلیقی شناخت بنانے اور اپنے خیالات کو پیشہ ورانہ انداز میں پیش کرنے کا اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔ ڈگری شو 2026، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کے وژن اور بھرپور حوصلہ افزائی کے تحت یونیورسٹی میں تخلیقی تعلیم، جدت اور پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔ نمائش 8 اکتوبر 2026 تک روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک شعبہ ویژول آرٹس میں جاری رہے گی۔










