لاہور( پنجاب پوسٹ) حکومت پنجاب نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے بھجوائی گئی سمری منظور کر لی ہے جسے منظوری کیلئے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
سمری کے مطابق موٹرسائیکل کا چالان 2 ہزار روپے سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ 2 ہزار روپے مقرر ہوگا۔ رکشے کا چالان 3 ہزار سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
کار اور جیپ کا چالان 5 ہزار سے کم کر کے 3 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، تاہم سنگین خلاف ورزیوں پر 5 ہزار روپے جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔ اسی طرح 2000 سی سی اور لگژری گاڑیوں کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
مزدا، کوسٹر، چھوٹی مسافر وین اور لائٹ وہیکلز کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے جبکہ ٹرکوں، بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلز کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق اوور سپیڈنگ کے جرمانوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یہ نئی شرحیں پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد نافذ العمل ہوں گی، جس سے شہریوں کو مالی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔








