سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں قرض واپس نہ کرنے پر مزدور کی زبان کاٹ دی

سرگودھا ( پنجاب پوسٹ ) سرگودھا کی تحصیل بھلوال میں قرض کی عدم ادائیگی پر ایک محنت کش کے ساتھ مبینہ طور پر انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز سلوک کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق مدینہ کالونی آہلی کے رہائشی عبدالحفیظ، جو پرانے بھلوال میں واقع ایک آرا مشین پر مزدوری کرتے تھے، نے آرا مشین کے مالک سے کچھ عرصہ قبل قرض لیا تھا۔ اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ قرض واپس نہ کرنے پر عبدالحفیظ کو مبینہ طور پر دو ماہ تک یرغمال بنا کر رکھا گیا، اس دوران انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا، جبکہ بعد ازاں ان کی زبان کاٹ کر شدید زخمی حالت میں مقامی سبزی منڈی کے قریب پھینک دیا گیا۔

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ عبدالحفیظ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اہلِ خانہ نے واقعے کو انتہائی سفاکانہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔

خاندان نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ ایک مقامی شخص، جو خود کو صحافی ظاہر کرتا تھا، نے پولیس کے نام پر ان سے 50 ہزار روپے وصول کیے اور یقین دہانی کرائی کہ وہ معاملہ حل کروا دے گا، تاہم نہ صرف ان کی مدد نہیں کی گئی بلکہ انہیں مبینہ طور پر دھوکے کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نامزد ملزمان سمیت خود کو صحافی ظاہر کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس افسوسناک واقعے پر بھلوال کی صحافی برادری اور متاثرہ خاندان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او سرگودھا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر تحقیقات میں الزامات ثابت ہو جائیں تو تمام ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے