لاہور(پنجاب پوسٹ)ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ سکیم میں زمینیں شامل کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے فیصل آباد، خوشاب اور سرگودھا کے ڈپٹی کمشنرز کو درخواست گزاروں کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس مرزا وقاص رؤف نے عطاء اللہ سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کا مؤقف سننے کے بعد 30 روز کے اندر درخواستوں پر فیصلے کیے جائیں، جس کے بعد عدالت نے درخواستیں نمٹا دیں۔
درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ سکیم کا اعلان کیا ہے اور اس سکیم کے تحت ان کی زمینوں کے حصول کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ وہ کئی سال سے مذکورہ زمینوں پر کاشت کاری کر رہے ہیں اور زمینوں کو نئی سکیم میں شامل کیے جانے سے انہیں شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے۔ درخواست گزاروں کا مزید کہنا تھا کہ یہ زمینیں حکومت پہلے ہی ایک دوسری سکیم میں شامل کر چکی ہے، اس لیے قانون کے مطابق انہیں دوبارہ کسی دوسری سکیم کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت کو ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ سکیم میں شامل کی گئی اراضی کو نکالنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے براہِ راست اراضی نکالنے کا حکم دینے کے بجائے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو درخواست گزاروں کو سن کر 30 روز میں قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔













