کوہ سلیمان کے پہاڑوں اور بہاولپور کے ریگستان میں مریم نواز شہریوں تک صاف پانی کیسے پہنچا رہی ہیں؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پینے کے پانی کی بوتل پر چارجز عائد کرنے کی ابتدائی تجویز مسترد کر دی اور چار اضلاع میں جاری کلین ڈرنکنگ واٹر پائلٹ پراجیکٹ کی روزانہ بنیادوں پر رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے بہاولپور، رحیم یار خان، خوشاب اور ڈیرہ غازی خان میں عوامی فیڈ بیک لینے اور ہر ضلع میں صاف پانی کی یومیہ ضرورت کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی۔


اجلاس میں ٹینکرز کے ذریعے گھر گھر صاف پانی پہنچانے، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور بوٹلنگ پلانٹس کے قیام سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 864 واٹر فلٹریشن پلانٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ مزید 1913 پلانٹس جلد شروع کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں واٹر فلٹریشن کے 1886 منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔


اجلاس کو بتایا گیا کہ چار اضلاع میں جاری پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 19 لیٹر کی 10 ہزار بوتلیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبہ بھر میں 670 بوٹلنگ پلانٹس کے قیام کی تجویز بھی زیر غور آئی، جن میں سے 335 پلانٹس پر روزانہ 5 ہزار لیٹر اور مزید 335 پلانٹس پر 10 ہزار لیٹر صاف پانی تیار کیا جا سکے گا۔ صاف پانی کی بوتلوں کی فراہمی کے لیے 4020 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔


بریفنگ کے مطابق خوشاب میں روزانہ 860، رحیم یار خان میں 780، بہاولپور کے دوردراز ریگستانی علاقوں میں 2780 جبکہ ڈیرہ غازی خان کے کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں روزانہ 1500 صاف پانی کی بوتلیں شہریوں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ان علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لیے ٹرکوں کی تعداد مزید بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔


وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر پینے کا صاف پانی پہنچانا ان کا عزم ہے اور صاف پانی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں صاف پانی دستیاب نہیں، وہاں ہر صورت بوتل بند پانی پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بزرگوں کو سر پر پانی اٹھا کر لاتے دیکھنا تکلیف دہ ہے، اسی لیے دوردراز علاقوں میں پانی کے حصول کے لیے سخت مشقت کا وقت ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلین ڈرنکنگ بوٹلڈ واٹر پراجیکٹ کے تحت روزانہ لاکھوں لیٹر صاف پانی عزت و احترام کے ساتھ شہریوں کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے، کیونکہ صاف پانی صرف ایک سہولت نہیں بلکہ عوام کی صحت، سکون اور وقار کی ضمانت ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے