لاہور (پنجاب پوسٹ) ایشین گیمز 2026 کے آغاز میں صرف ڈیڑھ ماہ باقی رہ گیا ہے، تاہم قومی اتھلیٹس کی تیاریوں کے لیے تاحال باقاعدہ تربیتی کیمپ شروع نہیں ہو سکا۔ ایسے میں پاکستان کے تیز رفتار سپرنٹر شجر عباس اپنی مدد آپ کے تحت پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں سخت ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ میگا ایونٹ میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کر سکیں۔
دو سو میٹر ریس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شجر عباس گزشتہ برس اگست میں ٹانگ کی شدید انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے باعث انہیں سرجری کروانا پڑی اور وہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت سے بھی محروم رہے۔ اب ایک سال بعد وہ مکمل فٹ ہو کر ٹریک پر واپسی کے لیے پُرعزم ہیں اور ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی، 10 لاکھ جرمانہ، وجہ کیا بنی؟
شجر عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے تربیتی کیمپ کے انعقاد کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ کو خط ارسال کر رکھا ہے اور انہیں امید ہے کہ کیمپ جلد شروع ہو جائے گا، جس سے قومی اتھلیٹس کو بہتر تیاری کا موقع ملے گا۔
قومی سپرنٹر نے کہا کہ وہ انجری سے مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور ان کی تمام تر توجہ ایشین گیمز میں عمدہ کارکردگی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بہترین نتائج دے کر پاکستان کا پرچم سربلند کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
قومی اتھلیٹس کو امید ہے کہ ایشین گیمز سے قبل تربیتی کیمپ کا جلد آغاز ہوگا تاکہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کر سکیں۔















