بھارت میں پیپر لیک، پنجاب میں 14 لاکھ بچوں کا شفاف رزلٹ، ڈھائی سال پہلے پورے پورے سینٹر بکے ہوتے تھے، رانا سکندر حیات خان

لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات خان نے میٹرک 2026 کے نتائج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 14 لاکھ طلبہ کا شفاف اور ٹرانسپیرنٹ رزلٹ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سوال اٹھاتے تھے کہ دانش سکول کیوں بنائے جا رہے ہیں، مگر آج انہی دانش سکولوں کے طلبہ بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کر رہے ہیں۔


رانا سکندر حیات خان نے کہا کہ بھارت میں پیپر لیک کے واقعات سامنے آ رہے ہیں اور بڑی بڑی آرگنائزیشنز کے امتحانی پرچے بھی لیک ہو رہے ہیں، جبکہ پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں شفافیت، نئی اصلاحات اور ٹرانسپیرنٹ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال پہلے پورے پورے امتحانی سینٹرز بکے ہوتے تھے، لیکن اب اگر کوئی ایک بھی سینٹر پر نقل ثابت کر دے تو حکومت جواب دہ ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آٹھویں جماعت کے امتحانات بھی سو فیصد اے آئی بیسڈ نظام کے تحت چیک کیے۔


صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ آئندہ سال سے امتحانات کے کسی بھی پرچے کی مینول چیکنگ نہیں ہوگی بلکہ جدید نظام کے تحت مکمل ڈیجیٹل چیکنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوان والنٹیئرز کو بھی امتحانی چیکنگ کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔


رانا سکندر حیات خان نے کہا کہ چار سال قبل پوزیشن ہولڈر طلبہ کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا، جس کا ازالہ آج تک نہیں ہو سکا۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز میں کیو آر کوڈ کے ذریعے آن لائن پیپر چیکنگ اور تصدیق کا نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ شفافیت کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے