پنجاب کے ہنرمند نوجوانوں کا یورپ جانا ہوا آسان، سائنس انڈسٹری اینڈ اس سیمنٹ سروسز برطانیہ اور پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (پی بی ٹی ای) نے فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے برطانیہ کی سائنس انڈسٹری اینڈ اسیسمنٹ سروسز (SIAS) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدے کا مقصد پی بی ٹی ای کی اسناد کو بین الاقوامی سطح پر مزید معتبر اور قابلِ قبول بنانا ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک تعلیم اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔

لاہور میں منعقدہ تقریب میں چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس عدنان افضل چٹھہ، برطانیہ سے ایس آئی اے ایس کے نمائندگان اسٹیو اور مائیک ڈاوے، ایڈیشنل سیکرٹری اسکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ منور حسین ملک، چیئرمین پی بی ٹی ای ڈاکٹر فیصل محمود، سیکرٹری پی بی ٹی ای محمد حفیظ، پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو احمد حلیم سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت پی بی ٹی ای کے نصاب، امتحانی نظام، تشخیصی طریقۂ کار اور کوالٹی ایشورنس کے نظام کو عالمی تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنایا جائے گا، تاکہ طلبہ کو ایسی مہارتیں فراہم کی جا سکیں جو قومی اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہوں۔

اس موقع پر چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود نے کہا کہ یہ شراکت داری ادارے کے عالمی معیار کی کوالیفکیشن ایوارڈنگ باڈی بننے کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے پی بی ٹی ای کی اسناد کی بین الاقوامی ساکھ اور قبولیت میں اضافہ ہوگا، جس سے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر بہتر تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع حاصل ہوں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے