ماں کا پڑوسن سے جھگڑا، بیٹے نے ماں اور پڑوسن دونوں کا پلاس کی مدد سے خون کردیا، ملزم گرفتار

لاہور(پنجاب پوسٹ) کے علاقے ہربنس پورہ میں معمولی تنازعہ افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گیا، جہاں ایک ملزم نے لوہے کی راڈ کے وار کر کے اپنی 70 سالہ والدہ اور ہمسائی خاتون کو قتل کر دیا، جبکہ حملے میں ہمسائی کی دو بیٹیاں بھی زخمی ہو گئیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق 70 سالہ سلطانہ کا اپنی ہمسائی کنیز فاطمہ کے ساتھ معمولی بات پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد ملزم اور اس کے ایک ساتھی نے مشتعل ہو کر دونوں خواتین پر لوہے کی راڈ سے حملہ کر دیا۔ شدید زخمی ہونے کے باعث سلطانہ اور کنیز فاطمہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ کنیز فاطمہ کی دو بیٹیاں بھی تشدد کے دوران زخمی ہوئیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی نفری موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو اور ہمسائیگی کے تنازعے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل حقائق سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے