اوکاڑہ (پنجاب پوسٹ) اوکاڑہ کے علاقے صمد پورہ کی رہائشی اور دربار عالیہ کی گدی نشین ارم شہزادی نے الزام عائد کیا ہے کہ بااثر افراد نے ان پر مبینہ طور پر تشدد کیا، تاہم درخواست دینے کے باوجود پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔
درخواست کے متن کے مطابق ملزم زاہد حسین نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پستول اور سوٹوں کے وار کر کے ارم شہزادی کو زخمی کیا۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے دربار میں مبینہ منشیات فروشی اور دربار پر قبضے کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے، جس کی رنجش میں ملزمان نے انہیں قتل کی نیت سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
ارم شہزادی نے الزام لگایا کہ متعلقہ ایس ایچ او ان کی درخواست کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں کر رہا، جس پر انہوں نے ڈی پی او آفس میں ایس ایچ او کے خلاف درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔
متاثرہ خاتون نے آر پی او ساہیوال رانا ایاز سلیم اور ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی سے واقعے کا نوٹس لینے، شفاف تحقیقات کرانے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔












